ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سکھ مخالف فسادات کی کسی بھی صورت میں حمایت نہیں کی گئی : کانگریس

سکھ مخالف فسادات کی کسی بھی صورت میں حمایت نہیں کی گئی : کانگریس

Sun, 26 Aug 2018 23:23:16    S.O. News Service

نئی دہلی،26 اگست(یو این آئی) کانگریس نے آج کہا ہے کہ اس نے1984 کے سکھ مخالف فسادات کی کبھی بھی حمایت نہیں کی ،نیز اس ضمن میں اس کے کئی سینئر رہنماؤں کو اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑا ہے۔

کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پارٹی کے دفتر میں منعقد پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی صدر راہل گاندھی کے بیانوں پر سیاسی روٹیاں نہیں سینکی جانی چاہئے لیکن اکالی دل جیسی کچھ پارٹیاں اس معاملے پر سیاست کر رہی ہیں ۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس صدر کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے لیکن اس سے سچائی کو چھپایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سکھ مخالف فسادات کی کبھی بھی حمایت نہیں کی اور اس کے کئی لیڈروں نے بار بار اس معاملے پرمختلف مواقع پر معافی بھی مانگی ہے ۔پارٹی نے کبھی بھی کسی بھی صورت میں ان فسادات کی حمایت نہیں کی اس لئے یہ کہنا بالکل غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے کہ ان فسادات لئے کانگریس پارٹی ہی ذمہ دار ہے۔

ترجمان نے کہا کہ راہل گاندھی سے پہلےمحترمہ سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم نے بھی اس کے لئے معافی مانگی ہے۔ دہلی کے اس وقت کے کئی سینئر لیڈران کو ان فسادات کی وجہ سے سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔کئی رہنماؤں پر اس کے لئے مقدمے چلے اور سپریم کورٹ تک معاملہ چلا ہے۔اس پورے مرحلہ کو مد نظر رکھتے ہوئے کانگریس کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

انہوں نے اس ضمن میں گجرات فسادات کاذکرکرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ان فسادات کے لئے کسی بھی بی جے پی لیٖڈر کی سیاست ختم ہو ئی یا اس کے لئے معافی مانگی گئی؟۔


Share: